دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلیا کو ایک بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہےکیونکہ ان کے جارح مزاج اوپنر میتھیو شارٹ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
میتھیو شارٹ افغانستان کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے کی چوٹ کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ مزید میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی غیر موجودگی آسٹریلیا کے بیٹنگ لائن اپ کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوسکتی ہے خاص طور پر بھارت کے خلاف سیمی فائنل جیسے اہم مقابلے سے پہلے۔
شارٹ کی جگہ نوجوان کرکٹر کوپر کونولی کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہےجو اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے تین ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں۔ آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے بھی اسکواڈ میں اس تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں شدید برفباری اور بارشیں: بالائی علاقوں کے راستے بند، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت
یاد رہے کہ آسٹریلیا کا سیمی فائنل 4 مارچ کو بھارت کے خلاف دبئی میں ہوگا۔ اس اہم میچ میں میتھیو شارٹ کی عدم دستیابی ٹیم کے لیے ایک بڑا امتحان ہوگی، جبکہ متبادل کھلاڑی پر دباؤ ہوگا کہ وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو مضبوط کرے۔