سوئی گیس کمپنیوں نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے رجوع کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوسط گیس قیمت 5 ہزار 306 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔ گیس کمپنیوں نے مجموعی طور پر اگلے اور پچھلے مالی سالوں کے خساروں کا 1650 ارب روپے شارٹ فال ظاہر کیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے ریونیو کی مد میں 956 ارب روپے مانگے ہیں، جن میں آئندہ مالی سال کے لیے 411 ارب روپے اور سابقہ شارٹ فال کی مد میں 545 ارب روپے شامل ہیں، جبکہ کمپنی کی مجموعی ریونیو ضروریات 1279 ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ سوئی سدرن نے 42 ارب روپے ایل این جی سروس کی لاگت میں مانگے ہیں اور گیس کی اوسط قیمت میں 5306 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن نے بھی گیس مہنگی کرنے کی درخواست اوگرا میں جمع کرائی ہے۔ سوئی ناردرن کا آئندہ مالی سال کے لیے 8 ارب 73 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ ہے، جبکہ سابقہ شارٹ فال کی مد میں 585 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سوئی ناردرن نے ایل این جی سروس لاگت کی مد میں بھی 67 ارب 67 کروڑ روپے مانگے ہیں اور ایل این جی سروس لاگت میں 376 روپے 33 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خوشخبری، تیل وگیس کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا
اوگرا ان درخواستوں پر سماعت کا آغاز کرے گا، جس کے تحت سوئی ناردرن کی درخواست پر 21 اپریل اور سوئی سدرن کی درخواست پر 22 اپریل کو سماعت کی جائے گی۔




