سولر لگوانے والوں کیلئے خوشخبری، حکومت کا سکیم جاری رکھنے کا اعلان

حکومت پنجاب نے کم آمدنی والے گھرانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے اور توانائی تک رسائی آسان بنانے کے لیے اپنی ’مفت سولر پینل اسکیم‘ کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کے خصوصی احکامات پر اب یہ اسکیم جون 2026 کے بجائے دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس اہم اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپورعوام کو سفری سہولیات کی فراہمی سولر کارٹ سروس کا افتتاح

اس توسیع شدہ اسکیم کے تحت 94,000 سے زیادہ اضافی سولر سسٹم اہل گھرانوں میں تقسیم کیے جائیں گے، جس کے لیے حکومت نے تقریباً 9.97 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔

اسکیم کے طریقہ کار کے مطابق جو صارفین ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، انہیں اس سہولت کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔

انتخاب کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سولر سسٹمز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک اس اسکیم کے لیے 800,000 سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 375,000 درخواست دہندگان کو ابتدائی طور پر اہل پایا گیا ہے۔

حکومت منتخب گھرانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق 550 واٹ اور 1100 واٹ کے سولر سسٹم فراہم کرے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کے پہلے مرحلے میں 90,000 سے زیادہ سسٹم پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں، جس سے غریب طبقے کے بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پرانے سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے خوشخبری، نیپرا کا اہم نوٹیفکیشن جاری

یہ منصوبہ نہ صرف عام آدمی کے معاشی بوجھ کو کم کرے گا بلکہ صوبے میں صاف اور پائیدار توانائی کے فروغ میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جس کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے ‘سولرائزیشن’ کو ایک ترجیحی منصوبے کے طور پر اپنایا ہے۔

Scroll to Top