ملاقات

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے وفد کی اہم ملاقات

اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرراجہ فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر شعبہ خواتین کی صدر محترمہ شاہین کوثر ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ۔

وفد میں جنرل سیکرٹریخواتین ونگ محترمہ شگفتہ نورین کاظمی،سابق ممبر اسمبلی محترمہ شہزادہ کوثر گیلانی، سیکرٹری اطلاعات محترمہ زوبیہ خورشید راجہ اور صدر پنجاب زون محترمہ مسرت گجر بھی شامل تھیں ۔

ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی شعبہ خواتین کی جانب سے آزاد کشمیر میں گورننس کے معیار کی بہتری، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

وفد نے وزیراعظم آزادکشمیر کو آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تنظیم سازی، کارکنوں کی فعالیت اور خصوصاً خواتین ونگ کے متحرک کردار پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ مختلف اضلاع میں عوام کو درپیش سماجی و معاشی مسائل اور بنیادی حقوق سے متعلق حکومتی اقدامات اور مستقبل کے چیلنجز بارے بھی آگاہ کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھیڈی روڈ کھلوانےکیلئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اقدامات کریں،عوام

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئےہمہ وقت کوشاں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے مختصر ترین عرصے میں عوامی خدمت کے متعدد بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے ۔

ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ ریاست کے دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، وزیراعظم نے کہا کہ فعال ورکرز پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور و مقصد صرف اور صرف عام آدمی کی خوشحالی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نچلی سطح تک مزید منظم اور فعال بنایا جائے اور خواتین کو مساوی بنیادوں پر گراس روٹ لیول تک قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ بھرپور تیاری کے ساتھ آئندہ الیکشن کے لیے تیاری کی جاسکے ۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنماؤں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ونگ پارٹی کا ایک مضبوط بازو ہے جو نچلی سطح پر عوامی فلاح کیلئے حکومتی اقدامات اور سیاسی عمل کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے شیخ وحید کی ملاقات، صحافیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

انہوں نے وزیراعظم کو خطے کی یکساں اور برق رفتار ترقی کو یقینی بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے عوامی فلاح کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر متحرک اور منظم رہے گی ۔

Scroll to Top