فیک آئی ڈیز

حکومت فیک آئی ڈیز مافیا کے خلاف سخت قانون سازی کرے ، عابد حسین شاہ

میرپور( کشمیر ڈیجیٹل) صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ نے حکومت آزاد جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فیک آئی ڈیز کیخلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ناسور کے خاتمے کیلئےمؤثر قانون سازی کی جائے ۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر میں کافی عرصے سے معزز شہریوں کی کردار کشی اور عزت اچھالنے کا ایک منظم سلسلہ جاری ہے، جس میں سوشل میڈیا پر بنائی گئی جعلی آئی ڈیز کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں ۔

ان جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈہ پھیلایا جاتا ہے، جس سے نہ صرف شہریوںکی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں بے چینی اور بداعتمادی بھی جنم لیتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیک آئی ڈیز کیخلاف فیس بیک انتظامیہ ان ایکشن، 1 کروڑ جعلی پروفائلز اُڑا دیں

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں اور متعدد تنازعات و جھگڑے بھی سامنے آ چکے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے ۔

سید عابد حسین شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ان عناصر کے خلاف کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے ان کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خصوصاً صوبہ پنجاب میں سائبر کرائم قوانین کے تحت فیک آئی ڈیز اور آن لائن ہراسانی میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائیاں کی گئی ہیں اور انہیں سزائیں بھی دی گئی ہیں، جس سے اس رجحان میں نمایاں کمی آئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ پولیس کی بڑی کارروائی ، فیک آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

انہوں نے آخر میں حکومت آزاد کشمیر پر زور دیا کہ وہ بھی جدید تقاضوں کے مطابق قانون سازی کرے اور متعلقہ اداروں کو فعال بنا کر ایسے عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائے تاکہ معاشرے کو اس منفی رجحان سے محفوظ بنایا جا سکے ۔

Scroll to Top