مظفرآباد : آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے کے لیے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے تین نئے فری لانسنگ ہب قائم کر دیے ہیں ۔ کوٹلی ضلع کے تحصیل نکیال اور کھوئی رٹہ جبکہ میرپور کے علاقے افضل پور میں بننے والے یہ مراکز نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتیں سکھانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
ایس سی او کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ “SCO وژن 2025” کے تحت عمل میں آیا ہےجس کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دو سال کے اندر 100 آئی ٹی مراکز قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 61واں مرکز نکیال و کھوئی رٹہ اور 62واں مرکز افضل پور، میرپور میں قائم کیا گیا ہے جو محض 16 ماہ کے دوران مکمل کیے گئے ہیں۔
یہ فری لانسنگ ہب جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور یہاں نوجوانوں کو گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، مواد تخلیق، ای کامرس سمیت دیگر شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بے روزگاری کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے خلاف پکنے والا لاوا وقتی طور پر تھما، مگر کب تک؟ خواجہ شفیق کی کڑی تنقید
ان مراکز میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ نوجوان اپنی مہارتوں کو مالی استحکام میں بدل سکیں اور خودکفیل بن سکیں۔ ایس سی او کا کہنا ہے کہ یہ اقدام “ڈیجیٹل پاکستان” کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔