مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے اوقات کار کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے ۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سیکرٹری برقیات، عشر وزکوۃ ارشاداحمد قریشی نے ملاقات کی اور مستحقین کو زکوٰۃ کی بروقت فراہمی پر بریفنگ دی۔
چوہدری انوار الحق نے سیکرٹری عشر و زکوٰۃ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر مہلک امراض میں مبتلا کیسز کو یکسو کرتے ہوئے ادائیگی کو فوری یقینی بنائیں تاکہ مہلک بیماریوں کے شکار متاثرین کو بروقت علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ عین فرض ہے ، انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے سیکرٹری برقیات کو ہدایت دی کہ 50 ہزار میٹرز کی ای ٹینڈرنگ کے تحت شفاف خریداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورموسم گرما میں بجلی کی ترسیل کو بحال رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم انوارالحق سب سے بڑی کرپشن میں ملوث ہیں، غلام اللہ اعوان