نیلم

کوئی اہل شہری ووٹ سے محروم نہ رہے، چوہدری بشارت کی ہدایت

نیلم ( کشمیر ڈیجیٹل)اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر آٹھمقام و رجسٹریشن آفیسر چوہدری بشارت کی زیرِ صدارت بلدیاتی نمائندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے ووٹر فہرستوں کی تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی بروقت اور درست تکمیل کے لیے متعلقہ محکموں اور فیلڈ اسٹاف کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔

فوت شدہ افراد کے ناموں کے اخراج اور 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹرز کی شمولیت کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا گیا ۔

اس موقع پر اے سی چوہدری بشارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے درست اور مکمل ووٹر فہرستیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری احسن اقبال کا شاردہ اور کیل کا دورہ،عوامی مسائل کا جائزہ لیا

انہوں نے بلدیاتی نمائندگان، چیئرمین، ڈسٹرکٹ کونسلرز،ممبران لوکل کونسلز کو ہدایت دی کہ فارم ’’ب‘‘اورقومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر ووٹ کے اندراج کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں ۔

اس لیے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی اہل شہری ووٹ کے اندراج سے محروم نہ رہے ۔

اسسٹنٹ کمشنر نے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور معززینِ علاقہ سے اپیل کی کہ وہ شفاف ووٹر اندراج کے عمل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم، سیماری میں موٹر سائیکل حادثے میں طالب علم معاذ بن منظور جاں بحق

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ فیلڈ سطح پر ڈیٹا کی تصدیق کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور باہمی رابطہ و تعاون کو مؤثر بنایا جائے، تاکہ آئندہ عام انتخابات شفاف، منظم اور قانون کے مطابق منعقد کیے جا سکیں ۔

Scroll to Top