مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل )کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر ون اے کے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس(ریجن)مظفرآباد یاسین قریشی، سیکورٹی ایجنسیز کے آفیسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے، جرائم کے خاتمہ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔پترینڈپاورپراجیکٹ ،نیلم جہلم پراجیکٹ میں سیکیورٹی Flaws کو دورکرنے کے علاوہ راڑاہ جیل کا جائنٹ سیکیورٹی آڈٹ کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت تکمیل کے لیے تمام محکمہ جات کوآرڈینیشن سے کام کریں گے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمن نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتربنایا جائے۔
امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ بھرپور انداز میں کام کرے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جائے۔آزادکشمیر ملک کا ایک بہترین سیاحتی مقام ہے، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سیاحوں کوچیک کرنے کےبعد اُن کا ڈیٹامرتب کرتے ہوئےٹیگ جاری کیئے جائیں تاکہ اُن کو باربارچیکنگ کے عمل سے نہ گزرنا پڑے۔