سرپرائز ڈے،شدیدبارش و برفباری کے باوجودآزادکشمیر بھر میں تقریبات،شاہینوں کو شاندار خراج تحسین

مظفر آباد،وادی لیپہ،نکیال( کشمیر ڈیجیٹل) وادی لیپہ سمیت آزادکشمیر بھر میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 برس مکمل ہونے پر 27 فروری سرپرائز ڈے بھرپور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

شدید برفباری اور بارش کے باوجود وادی لیپہ  میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام، سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

وادی لیپہ میں یادگار شہداء نوکوٹ گلی، لیپہ بازار اور تلاواڑی بازار میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تقریبات میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے 27 فروری 2019 کو جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی اور دشمن کو بھرپور سرپرائز دے کر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

شرکاء نے وطن عزیز کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مادرِ وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنے کیلئے قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔

تقریبات میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری پاکستان کی تاریخ کاسنہری دن ہے، جب پاک فضائیہ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کے شاہین ہر حال میں وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

وادی لیپہ کے عوام نے اس موقع پر پاک فضائیہ اور مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی سالمیت و بقا کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کیا۔

نکیال میں ریلی،فضا پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

ادھر نکیال میں بھی سول سو سائٹی کے زیر اہتمام سر پرائز ڈے منایا گیا۔سرپرائز ڈے کے موقع پر ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی میں سول سو سائٹی کے افراد اور مختلف سکولوں کے طلبہ نے شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اورپاکستان اور کشمیر کے جھنڈے تھامے ہوئے پاک فوج زندہ باد اور ہم لے کے رہیں گے آزاد ی کے نعرے لگائے۔

مظفر آباد، باغ، میرپور، راولاکوٹ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بارش اور برفباری کے باوجو تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور پاک فضائیہ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: سرپرائز ڈے – پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی کی یاد

Scroll to Top