مظفرآباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے اور جنگی جرائم کو بے نقاب کرنے کے لیے پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ایک خصوصی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیاجس میں آزاد کشمیر کے سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر، سابق چیف جسٹس چودھری ابراہیم ضیاء سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس نمائش میں تصاویر کے ذریعے بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دکھایا کیا گیا، جن میں جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، جیلوں میں ڈالے گئے کشمیری قائدین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نمایاں کی گئیں۔ اس موقع پر موجود منتظمین کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ 77 سال پہلےانھوں نے کشمیری عوام کے لیے استسواب رائے یا رائے شماری کا وعدہ کیا تھا جو آج تک نہ پورا ہوا۔
نمائش کے انعقاد کا مقصد بھارت کے غیر قانونی قبضے اور اس کے نتیجے میں کشمیری عوام پر ہونے والے جبر کو دنیا کے سامنے لانا ہےتاکہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اس سنگین مسئلے پر نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔