حویلی کہوٹہ ( کشمیر ڈیجیٹل) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سب ڈویژن خورشید آباد میں صارفین کو اشیا ئے خوردونوش مناسب داموں پہنچانے کے لیے سستا رمضان بازار لگایا جا ئے گا ۔
اسسٹنٹ کمشنر راجہ ایاز احمد نثار نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر رمضان المبارک سے دو دن قبل سستی فروٹ منڈی قائم کر دی جائے گی تاکہ دیگر اشیاء ضروریہ کے ساتھ ساتھ عوام کو رمضان کے ماہِ مبارک میں سستے اور معیاری پھل بھی میسر آ سکیں جہاں عوام کو معیاری اور سستی اشیاء عام مارکیٹ سے بارعایت ملیں گی ۔
اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن خورشید آباد راجہ ایاز احمد نثار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ مقدس میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کی چیکنگ کی جائے گی ۔
اشیاء خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ تاجر کمیونٹی بھی مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے کر اللہ کی رضا حاصل کرے۔
رمضان المبارک نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے۔ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت ہمارا دین بھی نہیں دیتا۔دریں اثناء معززینِ علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے عوامِ علاقہ کی بہتری کے لیے اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد کی طرف سے اٹھا ئے گئے اقدامات کو سراہا ہے ۔