نادرا شناختی کارڈ

پاکستان کی کتنی آبادی رجسٹرڈ ہے؟ نادرا نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک کی رجسٹرڈ آبادی کے حوالے سے اپنی تازہ ترین سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہو چکی ہے۔ نادرا نے یہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرائی ہے جبکہ ترجمان نادرا شباحت علی نے ایک سالہ کارکردگی کا ڈیٹا ویڈیو بیان کے ذریعے عوام کے سامنے رکھا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جس میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ اہم انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج یونین کونسلز میں تو ہو چکا ہے لیکن یہ بچے ابھی تک نادرا کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ بائیومیٹرک ڈیٹا بیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ نادرا کے پاس 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت، ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نارمل کیٹیگری :ب فارم کی فیس 50 روپے، پراسیسنگ وقت 7 دن مقرر،نادرا

نادرا ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد اور خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ملک بھر میں 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں جبکہ سال 2025 کے دوران 75 نئے سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے۔ اس کے علاوہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کو بھی وسعت دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاک آئی ڈی ایپلیکیشن اب نادرا کی 15 فیصد ذمہ داری سنبھال رہی ہے اور اسے ڈاؤن لوڈ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید پڑھیں: نادرا نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نئی سہولت فراہم کردی