بھارت کے سابق کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ صوفی شائن سے دوسری شادی کر کے اپنی ذاتی زندگی کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے ۔
ان کی یہ شادی دہلی این سی اے آر میں ایک نجی تقریب میں منعقد ہوئی، جس میں صرف اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ شادی کی خوشخبری سب سے پہلے کرکٹر یزویندر چہل نے انسٹاگرام پر شیئر کی، جنہوں نے تقریب کی چند دلکش تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ بانٹیں اور کیپشن میں لکھا،’’میرے یار کی شادی ہے ۔ ‘‘
شیکھر دھون اور صوفی شائن کی محبت کی کہانی 2025 سے جاری تھی، اور جنوری 2026 میں جوڑے نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی ۔ شادی سے قبل جوڑے کی ہلدی اور سنگیت کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سابق کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ : پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ
صوفی شائن آئرلینڈ میں پیدا ہوئیں اور پروڈکٹ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں ۔ وہ ابوظہبی میں ناردرن ٹرسٹ کارپوریشن میں سیکنڈ وائس پریزیڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں ۔ تعلیم کے اعتبار سے، صوفی نے لمبرک انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے مارکیٹنگ اور مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کی ہے ۔
یہ شیکھر دھون کی زندگی کی دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی عائشہ مکھرجی سے تھی، جو 11 سال تک قائم رہی اور اس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے ۔ اکتوبر 2023 میں علیحدگی کے بعد یہ دھون کی نئی شادی ان کی ذاتی زندگی میں خوشیوں کا سبب بنی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جرمن جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ: پاکستان کی علی سسٹرز نے دوسرے راؤنڈ میں حریف کھلاڑیوں کو دھول چٹا دی
شادی کی تقریب کے لمحات اور جوڑے کی خوشی نے مداحوں میں بھی جوش و خوشی پیدا کر دی ہے اور شیکھر دھون کے فینز سوشل میڈیا پر جوڑے کو نیک خواہشات پیش کر رہے ہیں ۔ یہ نیا آغاز دونوں کے لیے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں خوشیوں اور کامیابیوں کا پیغام لے کر آیا ہے ۔




