چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ دینے کا فیصلہ

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، جہاں کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بنگال ٹائیگرز بیٹنگ کے لیے میدان میں اتریں گے۔

نیوزی لینڈ نے اپنی گزشتہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بولنگ کا انتخاب کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی مضبوط فاسٹ بولنگ لائن اپ سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب بنگلادیشی ٹیم کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہوگا کہ وہ ابتدا میں ایک بڑا اسکور ترتیب دے کر حریف ٹیم پر دباؤ ڈالے۔

یہاں واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دے کر شاندار آغاز کیا تھا جبکہ بنگلادیش آج کے میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم نظر آرہا ہے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس سنسنی خیز مقابلے پر جمی ہوئی ہیں جہاں دونوں ٹیمیں جیت کے لیے بھرپور محنت کریں گی۔

مزید برآں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ڈیرل مچل بیماری کے باعث نہیں کھیل رہے جن کی جگہ راچن رویندرا ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ طویل انجری کے بعد فاسٹ بولر کائل جیمیسن بھی اسکواڈ میں دوبارہ شامل کیے گئے ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ کو مزید متوازن بنانا ہےخاص طور پر راچن رویندرا کی واپسی نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کو تقویت دے سکتی ہے جبکہ جیمیسن کی شمولیت بولنگ اٹیک میں مزید جان ڈال سکتی ہے۔

دوسری طرف بنگلادیش نے بھی مقابلے سے قبل اپنی پلئینگ الیون میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ کپتان نجم الحسن شنٹو کے مطابق ٹیم میں نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمود اللہ کو شامل کیا گیا ہےجبکہ سومیا سرکار اور تنزید شکیب کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ بنگلادیش کی حتمی الیون میں تنزید حسن، نجم الحسن شنٹو (کپتان)، مہدی حسن مرزا، توحید ہریدوئے، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر)، محمود اللہ، جاکر علی، رشاد حسین، تسکین احمد، ناہید رانا اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

 

Scroll to Top