باغ: انجمن تاجران کے انتخابات کا شیڈول جاری، 25 مئی کو پولنگ ہوگی

باغ :انجمن تاجران باغ کے انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا جبکہ یہ انتخابات گزشتہ 5 سے 6 سال سے تعطل کا شکار تھے تاہم اب چیف الیکشن کمشنر سردار ریاض عباسی نے 25 مئی 2025 کو پولنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے پر تاجروں کے درمیان ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہےجہاں کچھ نے اسے خوش آئند قرار دیا وہیں بعض نے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

انتخابات کے اعلان کے بعد کچھ تاجروں کا کہنا ہے کہ انتخابات سے تنظیمی امور میں بہتری آئے گی اور نمائندے تاجروں کے حقیقی مسائل حل کر سکیں گے۔ دوسری جانب کچھ تاجروں کو خدشہ ہے کہ سپریم کونسل کی تشکیل مکمل ہونے سے پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا غیر شفاف عمل ہو سکتا ہے۔

کچھ تاجروں کا ماننا ہے کہ انتخابات میں “پک اینڈ چوز” کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے جس کے تحت مخصوص تاجروں کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔ تاہم کچھ دیگر تاجر اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ جو بھی الیکشن میں کامیاب ہوگا اسے تاجروں کے ووٹوں کی طاقت حاصل ہوگی، اور نتائج کو کھلے دل سے قبول کیا جانا چاہیے۔

انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد امیدواروں نے مہم کی تیاری شروع کر دی ہے۔ مختلف گروپوں کے درمیان ملاقاتیں جاری ہیں اور تاجر برادری میں انتخابات سے متعلق جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 25 مئی کو ہونے والے انتخابات میں کون سی قیادت تاجر برادری کا اعتماد حاصل کر پاتی ہے۔

Scroll to Top