مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر نے نان بائی ایسوسی ایشن، ڈیری ایسوسی ایشن، اور قصاب ایسوسی ایشن کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد ہے اور اس دوران ایسی چیز کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی جو عام اور خاص طور پر غریب عوام پر بوجھ ڈالے ۔
حماد بشیر نے واضح کیا کہ رمضان کا مہینہ صبر، ایثار اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کا وقت ہے اور اس دوران غریب اور ضرورت مندوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے والا کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد کے نام پر آن لائن فراڈ ،دکاندار لاکھوں روپے گنوا بیٹھے
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت اور مفاد کو اولین ترجیح دیتی ہے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔
انہوں نے عوام کو بھر پور یقین دلایا کہ قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے والے افراد اور ایسوسی ایشنز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں گے، ان کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں رمضان میں عوام کیلئے خصوصی رعایتیں اور ڈسکاؤنٹس دی جاتی ہیں اورہمیں بطور مسلمان اخلاقی اورمعاشرتی ذمہ داری کے تحت اسی اصول کی پاسداری کرنی چاہیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد : اسسٹنٹ کمشنر کا گیس قیمتوں میں اضافے کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں سیل
حماد بشیر نے زور دیا کہ کسی بھی طرح کے ناجائز اضافے یا غریب عوام کے مفاد پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کیساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے انتظامیہ کے تمام افسران اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری نرخوں کی پابندی یقینی بنائیں اور رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔




