جہلم ویلی(عمر راجپوت بھٹی کشمیر ڈیجیٹل)ممبر عوامی ایکشن کمیٹی جہلم ویلی سید مشرف جاوید گیلانی نے جہلم ویلی کی پسماندگی کا ذمہ دار حکمران طبقات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل پر سیاست کرنے والوں نے مسائل کے حل کے بجائے مشکلات میں اضافہ کیا۔
ترقیاتی فنڈز عوامی ضرورت کے بجائے سیاسی رشوت کے طور پر تقسیم کئے، بلدیاتی اداروں کو غیر فعال بنا کر کروڑوں روپے کے فنڈز اپنی صوابدید پر استعمال کرلئے۔
مشرف جاوید نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ممبران اسمبلی کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی یہ عوامی مفاد میں کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ عوامی حقوق کی تحریک میں ان کا منافقانہ کردار سب کے سامنے آ چکا ہے ۔
ممبر عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ ضلع جہلم ویلی بالخصوص حلقہ سات کے اندر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر عوامی ایکشن کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں جس میں متحرک افراد شامل ہو سکتے ہیں اور یہ کمیٹیاں عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔
مشرف جاوید گیلانی نے مزید کہا کہ جہلم ویلی کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے، ذمہ دار ادارے عوام کو اس عذاب سے نجات دلانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر عوام گرڈ اسٹیشنوں کا گھیراو کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی ذمہ داری انوار سرکار پر ہوگی۔
کشمیر سمیت پاکستان بھر میں آئندہ ہفتے بارشوں کا نیا سپیل داخل ہونے کا امکان
