کھوئی رٹہ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سابق وزیرِ صحت آزاد کشمیر نثار انصر ابدالی کا کھوئی رٹہ کے گاؤں پھلنی پیر خانہ میں فقیدالمثال اور شاندار استقبال کیا گیا ۔ جیسے ہی نثار انصر ابدالی اپنے قافلے کے ہمراہ علاقے میں پہنچے، مقامی عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور نعروں سے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بنگڑے ڈالے ۔
استقبالی موقع پر بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور نوجوان شریک ہوئے۔ عوام نے نثار انصر ابدالی کی سابقہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے باضابطہ طور پر ان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی اور آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملازمین اور ڈاکٹرز کی سو فیصد بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے،نثار انصر ابدالی
نثار انصر ابدالی نے اجتماع سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھوئی رٹہ وگرد و نواح کے عوام سے انکا رشتہ محض سیاست کا نہیں بلکہ خدمت اور اعتماد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جو اقدامات کیے گئے، وہ سب عوام کے تعاون سے ممکن ہوئے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی عوامی مسائل حل اور علاقے کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: ایچ آئی وی کے 6 کیس رپورٹ،محکمہ صحت متحرک، ایمز میں فری علاج میسر: نثار انصر ابدالی
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے اور عوامی طاقت ہی کسی بھی علاقے کی اصل قوت ہوتی ہے ۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نثار انصر ابدالی کے حق میں نعرے لگائے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ عوامی حلقوں نے اس شاندار استقبال کو علاقے میں بڑھتی ہوئی سیاسی بیداری اور اعتماد کی واضح علامت قرار دیا ۔




