آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، نیا موسمی سلسلہ داخل

آزاد کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق نیا موسمی اسپیل داخل ہو چکا ہے جس میں 19 سے 21 فروری کے دوران شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ وادی لیپہ کے بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہےجبکہ زیریں علاقوں میں تیز بارش ہو رہی ہے ساتھ ہی مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ اور باغ سمیت پورے علاقے میں بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہواہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد ،وادی لیپہ،پیر چناسی، مکڑا پہاڑ،کوٹلی ،ہٹیاں بالا اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہےجبکہ پیر چناسی اور مکڑا پہاڑ پر برفباری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ ہٹیاں بالا اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ متعدد مقامات پر بجلی کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کشمیر کے علاقوں میں موجودہ درجہ حرارت اور آئندہ کی پیشگوئی کچھ اس طرح ہے:

مظفرآباد: اس وقت درجہ حرارت 7°C ہے۔ آج مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
وادی لیپہ: موجودہ درجہ حرارت 2°C ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری اور زیریں علاقوں میں بارش جاری ہے۔
پیر چناسی: درجہ حرارت 0°C ہے۔ برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
مکڑا پہاڑ: موجودہ درجہ حرارت -1°C ہے۔ برفباری جاری ہے۔
کوٹلی: درجہ حرارت 10°C ہے۔ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ہٹیاں بالا: موجودہ درجہ حرارت 8°C ہے۔ بارش جاری ہے اور بعض علاقوں میں بجلی کی بندش ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 1 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتاہے، نیلم ویلی اور پیر چناسی سمیت بلند مقامات پر برفباری کے باعث سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

مقامی افراد کے مطابق یہ بارشیں طویل خشک سالی کے بعد پانی کی قلت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں،اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد بارشیں ہو رہی ہیں تاہم سندھ میں موسم خشک اور ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ  برفباری کے باعث نیلم ویلی، لیپہ ویلی اور وادی گریس جانے والے راستے متاثر ہو سکتے ہیں  جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا  بھی خطرہ بڑھ گیا ہے اس خدشے کے پیش نظر متعلقہ حکام کو ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے مطابق چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، پشاور، مردان اور چارسدہ میں 19 اور 20 فروری کو بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہےساتھ ہی اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اٹک اور جہلم میں بھی بارش کا امکان ہے ، مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے اس کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، ژوب اور خضدار میں 18 اور 19 فروری کو بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور دیگر ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا۔

شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد احتیاط کریں، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور بارش اور برفباری کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کھلے مقامات سے دور رہیں۔

Scroll to Top