مصطفیٰ کمال

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کریں گے ، مصطفیٰ کمال

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز):وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ یہ سہولت ایک پانچ سالہ منصوبے کے تحت دی جائے گی، جس سے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ مفت ادویات کی فراہمی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (PPP) کے تحت ہوگی، جس میں حکومت اور ادویہ ساز کمپنی روش مشترکہ تعاون کریں گے ۔ اس منصوبے کا مقصد کینسر کے مریضوں کو ادویات اور علاج میں مالی مشکلات سے بچانا اور صحت کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں حج کے لیے تربیتی نشستوں کا انعقاد

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ اس اقدام کے ذریعے مریض نہ صرف مفت ادویات حاصل کر سکیں گے بلکہ جدید طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھائیں گے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتر اقدامات کر رہی ہے اور کینسر جیسے مہلک مرض کے خلاف جاری جنگ میں مریضوں کی مدد کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ اس منصوبے کے ذریعے ہزاروں مریضوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر پولیس کی بڑی کارروائی، آن لائن لاکھوں روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار

سید مصطفیٰ کمال نے تمام متعلقہ اداروں سے کہا کہ وہ مریضوں کی سہولیات کو یقینی بنانے اور ادویات کی بروقت فراہمی پر خصوصی توجہ دیں ۔ یہ اقدام صحت کے شعبے میں ایک اہم قدم ہے جو پاکستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالے گا ۔

Scroll to Top