بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات ملنے میں بڑی پیشرفت، لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم پراتفاق

اسلام آباد/مظفر آباد( کشمیر ڈیجیٹل) بلدیاتی نمائندگان کی اختیارات کے حصول کیلئے احتجاجی تحریک کا اثر، اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وزراء نے بلدیاتی نمائندگان کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے اہم فیصلے کر لئے ۔

وزیراعظم انوارالحق کی زیر صدارت گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں سینئر وزیر وقار نور، وزراء فیصل ممتاز راٹھور،میاں عبدالوحید، دیوان علی چغتائی ، چوہدری رشید، چوہدری ارشد، سردار جاوید ایوب،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد ایوب نے شرکت کی۔

اجلاس میں مظفر آباد، میرپور، کوٹلی کے چیئرمین ضلع کونسلز ،مئیر میونسپل کارپوریشن باغ ، ممبرلیگل کمیٹی جاوید عارف عباسی،سردار افتخار ایڈوکیٹ اور طارق مسعود ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی نمائندگان اور حکومتی کمیٹی کے مابین لوکل ایکٹ کے جس مسودہ اور نکات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور کابینہ سے منظور بھی ہو چکا ہے کو فوری اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔

لوکل کونسل کی مدت5سال،دفاتر کیلئے اراضی، اسامیاں فراہم کی جائیں گی

لوکل کونسلز کے متعلقہ بجٹ کی تقسیم بذریعہ فنانس کمیشن عمل میں لائی جائیگی اور لوکل کونسلز جن کے دفاتر نہیں ہیں ان کیلئے خالصہ سرکار یا شاملات سے کم ازکم دو کنال زمین فوری فراہم کی جائیگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پچانوے نئی یونین کونسلز کیلئے فوری سیکرٹری یونین کونسلز کی اسامیاں دی جائینگی، لوکل کونسلز کے لیے درکارضروری سٹاف بھی فراہم کیا جائیگا۔

لوکل کونسل کی مدت4 سے 5سال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ اسمبلی سے منظور ہو نے کے بعدکنڈکٹ آف بزنس رولز کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ماہ میں فائنل رپورٹ دیگی۔

سنیر موسٹ وزیر اور وزیر لوکل گورنمنٹ نے اس موقع پر کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کی مضبوطی سے ریاست میں سروس ڈیلیوری کا معیار بہتر ہو گا اور حکومت بلدیاتی نظام کو موثر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور عوام کا مینڈیٹ لے کر آتے ہیں اس لئے ریاست کو درپیش چیلنجز سے ملکر عہدہ برا ہونا وقت کی ضرورت ہے، حکومت اداروں کو بااختیار بنانے اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیگی۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں 3 دہائیوں بعد ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے بعد اختیارات نہ ملنے پر بلدیاتی نمائندے عرصہ سے احتجاج کررہے ہیں ، گزشتہ دنوں مظفر آباد میں کنونشن ہوااورتحریک جاری رکھنے اور 21 فروری کو ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اختیارات بحال نہ ہوئے تو 21 فروری کو لیپا ویلی مکمل جام ہوگا،بلدیاتی نمائندگان کی دھمکی

 

Scroll to Top