بالائی نیلم کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کیل کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ حکومت، فلاحی اداروں اور پاک فوج کے تعاون سے اسپتال شہریوں کو جدید طبی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔
ایم ایس ٹی ایچ کیو کیل محمد اشرف کے مطابق اسپتال کی کامیابی میں حکومت، افواج پاکستان ،محکمہ صحت، سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق نور اور ڈی جی ایڈمن ڈاکٹر فاروق اعوان کی کاوشیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور گزشتہ سال تقریباً 60,000 مریضوں کا علاج یہاں کیا گیا ہے۔ اسپتال کے تمام شعبوں میں بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں اور دیگر علاقوں سے بھی مریض یہاں ریفر کیے جاتے ہیں ،چائنا سے تاوبت تک یہ ہسپتال مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور پاک فوج کے تعاون سے یہاں پیچیدہ سرجریز بھی کی جا رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنڈکس کے متعدد آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ موسمی مشکلات کے باوجود اسپتال کا عملہ اپنی تمام تر دستیاب سہولیات کے ساتھ بہترین طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔