5 اُبھرتے ستارے جو ٹورنامنٹ میں دھوم مچا سکتے ہیں، پاکستان بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ

 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغازآٹھ سال کے طویل انتظار کے بعد 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے، یہ پہلا موقع ہےکہ پاکستان اس ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ اس رنگا رنگ ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور شائقین کرکٹ کو کئی نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں پورا بھروسہ ہے۔

یہاں ہم ان پانچ اُبھرتے ہوئے ستاروں پر نظر ڈال رہے ہیں جن سے شائقین کرکٹ نے بہت توقعات لگا رکھی ہیں ۔

1. شبھمن گل (بھارت)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر شبھمن گل کو مستقبل کا ستارہ سمجھا جاتا ہے۔ اپنے مختصر کیریئر میں انہوں نے 50 ون ڈے  انٹرنیشنلزمیچز میں 60.16 کی اوسط سے 2500 سے زائد رنز بنائے ہیں جس میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔ 2023 کے ورلڈ کپ میں ان کی شاندار کارکردگی اور حالیہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 259 رنز نے ان کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آئی ہیں ۔

2. راچن رویندرا (نیوزی لینڈ)

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن رویندرا نے اپنی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں مہارت سے سب کو متاثر کیا ہے انھوں نے 29 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 3 سنچریوں کی مدد سے 970 رنز اسکور کیے ساتھ ہی 18 وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں اس کے علاوہ 2023 ورلڈ کپ میں 578 رنز کے ساتھ وہ نیوزی لینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

3. نور احمد (افغانستان)

صرف 20 سال کی عمر میں نور احمد افغانستان کے اہم اسپنرز میں شمار ہو گئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر نے 10 ون ڈے میچز میں 9 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 2023 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں انہوں نے 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جس میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔

4. نسیم شاہ (پاکستان)

پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اپنی تیز رفتار اور مؤثر باؤلنگ سے عالمی کرکٹ میں جلد ہی نام کمایا ہے ، انھوں نے اب تک 23 ون ڈے میچز میں انہوں نے 45 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

5. ہیری بروک (انگلینڈ)

انگلینڈ کے دائیں ہاتھ کے بیٹر ہیری بروک نے 2022 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، انھوں نے 23 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 769 رنز اسکور کیے ہیں اس کے علاوہ 2023 ورلڈ کپ میں انہوں نے 112.66 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 169 رنز اسکور کیے۔

یہ پانچ کھلاڑی اپنی ٹیموں کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہیں اور چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شائقین کی توجہ خاص طور پر ان پر مرکوز ہےاس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں سب سے زیادہ انتظار جس میچ کا کیا جا رہا ہےوہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا ہائی وولٹیج مقابلہ ہے۔ یہ میچ روایتی حریفوں کے درمیان سخت ترین مقابلے کے طور پر جانا جاتا ہے اور شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کو عروج پر لے جاتا ہے۔ میچ سے متعلق کرکٹ لورز مختلف پیش گوئیاں کر رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جس میں دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی جہاں بھارتی بیٹنگ لائن اپ کا سامنا پاکستانی فاسٹ باؤلنگ اٹیک سے ہوگا۔ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان بیٹنگ کا مقابلہ شائقین کے لیے سب سے دلچسپ ہوگاجبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ بھارتی بیٹرز کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے مابین چیمپئنز ٹرافی کے پچھلے مقابلوں میں بھارت کو برتری حاصل رہی ہےمگر 2017 کے فائنل میں پاکستان نے یادگار کامیابی حاصل کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ کیا اس بار پاکستان اپنے اعزاز کو دہرا پائے گایا بھارت بدلہ لے گا؟ یہ دیکھنا انتہائی دلچسپ ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ابھرتے ہوئے اسٹارز اور بڑے مقابلے کرکٹ کے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا معرکہ ہوگا۔

Scroll to Top