ریاست میں افراتفری کے پیچھے اجیت دوول ماڈل ، انوارالحق سہولت کار ، سردار تنویر الیاس

بنگوئیں راولاکوٹ( کشمیر ڈیجیٹل ) صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر ، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر پر مسلط بدروح نے ریاست برباد کر کے رکھ دی ۔ آزاد کشمیر میں زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ لوگ سراپا احتجاج ہیں ۔

ریاست میں افراتفری اور پریشانی کے پیچھے اجیت دوول ماڈل ہے جس کا سہولت کار چوہدری انوار الحق ہے۔ آئینی ترمیم کے نام پر وفاق کیساتھ رشتے کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عیسائی خاتون سے زائچے بنوانے والے کے ہاتھوں ریاست ، سیاست اور جمہوریت کو مزید کمپرومائز نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔ ہر کشمیری خود کو اپنے ملک کا سپاہی سمجھتا ہے۔ ہماری لاشوں سے گزر کر ہی کوئی ہمارے ملک تک جا سکتا ہے۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کے مضبوط لازوال رشتے کو کمزور نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم نے سردار پیلس بنگوئیں میں سیاسی عمائدین ، بلدیاتی نمائندگان اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری بغیر کسی دباؤ کے بائی چوائس پاکستانی ہیں۔

کشمیریوں نے اپنی آزادی کی خاطر ہر طرح کی قربانی دی ہے اور دے رہے ہیں ۔ بلدیاتی نمائندگان ریاست اور مملکت خداداد پاکستان کا اثاثہ ہیں ۔منتخب بلدیاتی نمائندگان ریاست کی لیڈرشپ ہیں جن کے پاس عوامی مسائل کا حل ہے ۔

ہم نے تین دہائیوں بعد تمام تر مشکلات کے باوجود ریاست کی تاریخ کے پرامن ترین الیکشن کروائے جو عوام کا بنیادی حق تھا کوئی احسان نہیں کیا ۔ فنڈز اور اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندگان کا حق ہے یہ کسی نے اپنی جیب سے نہیں دینے ۔

بلدیاتی نمائندگان کی ہر فورم پر وکالت کر رہا ہوں ۔ موسم کی خرابی اور دو اہم شیڈول میٹنگز کی وجہ سے مظفرآباد میں منعقدہ کنونشن میں شرکت نہ کر سکا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کو اللّٰہ تعالیٰ نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے۔ آزاد کشمیر میں فلاحی ریاست بننے کا پوٹینشل موجود ہے ۔

ہم نے اپنے دور حکومت میں زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کیے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔ او آئی سی کے 9 ممالک کے سفراء پر مشتمل وفد اور امریکی سفیر کے سامنے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ رکھا۔

ریکارڈ ٹیکس کلیکشن کی ۔ مہاجرین جموں وکشمیر کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ کیا۔ لائیو سٹاک فارمنگ ، ٹورازم کے فروغ کے لیے رقبہ مارک کیا۔

آئی ٹی پارکس کے قیام اور وومن اینڈ یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام شروع کیے۔ فوڈ اتھارٹی کو فعال کروایا۔ وفاقی حکومت سے 850 سی ٹی ڈی آسامیاں تخلیق کروائیں ۔

راولاکوٹ اور مظفرآباد ائیرپورٹ کی بحالی ، گلگت بلتستان کے ساتھ بس سروس سمیت ہر شعبہ زندگی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی اور پراجیکٹس شروع کیے۔ انوار سرکار نے رفاعہ عامہ کے تمام پراجیکٹس پر قدغن لگا دی ۔ گریڈ اکیس کی پوسٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو مزید کمپرومائز نہیں ہونے دیں گے ۔ریاست ، اسکی سیاست اور جمہوریت کو بچانا آپ سب کی زمہ داری ہے۔ ریاست کی ساکھ کو نااہل شخص کے ہاتھوں کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے سردار پیلس بنگوئیں میں سیاسی عمائدین ، بلدیاتی نمائندگان اور کارکنان کی ملاقاتیں کیں ، جملہ معززین نے سابق وزیراعظم کو سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر مبارکباد دی
آزاد کشمیر میں جمہوریت خطرے سے دوچار، انوارالحق الیکشن بروقت نہیں بلکہ سیاسی بساط لپیٹنا چاہتا ہے،سردار تنویر الیاس

Scroll to Top