معرکۂ حق میں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی فوج عالمی منظرنامہ پر مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ عالمی اُفق پر فیلڈ مارشل کی پذیرائی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نمایاں سفارتی کامیابیوں نے بھارتی عسکری قیادت کو شدید تذبذب کا شکار کر دیا ہے۔ شکست چھپانے اور مقبولیت حاصل کرنے کے لیے بھارتی فوجی قیادت میڈیا میں شعبدہ بازی اور غیر سنجیدہ طرز عمل میں مصروف نظر آتی ہے۔
بھارتی عسکری قیادت سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ہندو مذہبی رسومات میں میڈیا پر نمایاں رہتی ہے، جبکہ مختلف موقعوں پر اپنی اسٹریٹجک قابلیت دکھانے کے دعوے کرتی ہے۔ اپنی مقبولیت اور ذہنی ساکھ بڑھانے کے لیے بھارتی آرمی اور فضائیہ کے اعلیٰ افسر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بھی سستی شہرت کے لیے تھیٹر لگانے سے گریز نہیں کرتے۔ بھارتی آرمی چیف کے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں غیر معقول انداز میں پُش اَپس کا مظاہرہ، دراصل ناکام حکمت عملی اور ناقص تیاریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
بھارتی آرمی چیف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ڈنڈ نکالنے کی حرکات بھی کسی بھی معیار پر صحیح ثابت نہیں ہوئیں۔ بھارتی فضائی قیادت بھی سستی شہرت کے حصول کے لیے احمقانہ حرکات میں مشغول نظر آتی ہے۔ فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فلائی پاسٹ میں حصہ لینا اور کیڈٹس کو سلامی دینا ایسی مثالیں ہیں جو بھارتی فوجی قیادت کی غیر سنجیدہ رویہ ظاہر کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سڈنی واقعہ پر بھارتیوں کا پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب،حملہ آور افغان نکلا
اس کے علاوہ، بھارتی فضائی قیادت رقص و سرور کی محافل میں مصروف اپنی ویڈیوز میڈیا پر فراہم کرنے لگی ہے، جو کہ میدان جنگ کے بجائے اسٹیج تھیٹر، ناچ گانے اور تماشہ بازی کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔ کمزور بھارتی فوجی قیادت کا یہ مضحکہ خیز سرکس شو عسکری وقار کے لیے شرمندگی اور بدنامی کا سبب بن چکا ہے۔ ان غیر سنجیدہ اور دکھاوے کی حرکات نے بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ ساکھ پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔




