پونچھ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی حکومت قائم ہو چکی ہے اور عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ وہ سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب کی میزبانی میں کھائی گلہ پونچھ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم منتخب ہوتے ہی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ۔ فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ ہم چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنے آئے ہیں اور عوام کیلئے اقتدار کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں ، جس سے عوام کا سیاسی قیادت پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جموں و کشمیر کے عوام کو ہزار سال تک جدوجہد کا فلسفہ دیا اور تحریک آزادی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز بننا ہماری ذمہ داری ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کل چنار ہاؤس میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرینگے
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا باقاعدہ آغاز 2026ء سے ہوگا اور آئندہ انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے ، پاکستان کی فوج ہماری محافظ ہے اور ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے ۔
جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم نے متعدد ترقیاتی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ کھائی گلہ میں سب ڈویژن برقیات قائم کیا جائے گا ۔ حسین کوٹ یونین کونسل، اسٹیڈیم کھائی گلہ اور ٹاؤن کمیٹی کی آسامیوں کی بحالی کی جائے گی ، پیکج کا بجٹ آئندہ تین سے چار روز میں کابینہ سے منظور کرایا جائے گا ۔
تراڑکھل گوئی نالہ روڈ پر کام شروع کیا جائیگاکھائی گلہ تا عباسپور مین شاہراہ اور بنجوسہ جھیل کی ڈویلپمنٹ کی جائے گی ، آئندہ بجٹ میں کھا ئی گلہ سب ڈویژن کے قیام کا اعلان بھی شامل ہوگا، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس قلیل المدتی حکومت کو ممتاز حسین راٹھور کی حکومت کی طرح یاد رکھا جائے گا ۔




