اسلام آباد(عامر اقبال ہاشمی سے)صدر مملکت آصف زرداری کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کا انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 24جنوری کو پولنگ ہوگی۔
انتخابی شیڈول جاری ہونے کے باوجود انتخابات کا عمل گو مگوں کا شکارہیں کیونکہ جنوری کے ماہ میں گلگت بلتستان میں برفباری کیساتھ شدید سردی ہوگی تو ایسے میں انتخابات التواء کا شکار ہوسکتے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی 24نومبر کو 5سال پورے ہونے پر تحلیل کی گئی تھی جس کے بعدالیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول منظوری کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوایا تھا۔
انتخابی شیڈول کے اعلان پر کئی امیدواروں نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ شدید سردموسم میں مہم چلانے میں مشکلات درپیش ہونگی اس لئے انتخابات کا شیڈول تبدیل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کی اسمبلی تحلیل، جسٹس(ر) یار محمد نگران وزیراعلیٰ مقرر
چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان راجہ شہباز کا موقف ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے ، اگر تمام سیاسی قیادت متفق ہوتو انتخابات کا شیڈول آگے لے کر جا سکتے ہیں ورنہ 3ماہ میں انتخابات کا انعقاد کرانا قانونی تقاضا ہے۔
الیکشن کمیشن سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ 23 دسمبر کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
30 دسمبر کو کاغذات کی اسکروٹنی ہوگی اور 10 جنوری کو اپیلوں سے متعلق فیصلے دیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے 12 جنوری کی تاریخ رکھی گئی ہے جبکہ 13 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور 24 جنوری کو گلگت بلتستان میں پولنگ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں فری لانسرز کی آمدن میں حیران کن اضافہ
خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی مجموعی طور پر 33 نشستیں ہیں جن میں سے 24 پر انتخابات ہوتے ہیں، 6 مخصوص نشستیں خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہیں۔




