رواں سال

ٹائم میگزین نے 2025 کے ’’پرسن آف دی ایئر‘‘ کا اعلان کر دیا

رواں سال کے اختتام پر ٹائم میگزین نے 2025 کے ’’پرسن آف دی ایئر‘‘ کا اعلان کر دیا ہے ۔

اس سال یہ اعزاز ان افراد کو دیا گیا ہے جنہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے معاشرے کے مختلف شعبوں میں گہرا اثر قائم کیا ۔ ٹائم میگزین کے مطابق، 2025 وہ سال تھا جب AI نے اپنی پوری صلاحیت دکھائی اور دنیا بھر میں اس کے اثرات نمایاں طور پر محسوس کیے گئے ۔

ٹائم میگزین نے اس موقع پر دو کور تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ پہلی تصویر میں اے آئی کے معاشرتی اور ٹیکنالوجیکل اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ دوسری میں دنیا کے معروف ٹیکنالوجی رہنما نظر آ رہے ہیں ۔

جن میں مارک زکربرگ، لیزا سو، ایلون مسک، جینسن ہوانگ، سیم آلٹمین، ڈیمس ہسابیس، ڈاریو اموڈی اور فی فی لی شامل ہیں ۔ ان رہنماؤں نے AI کی ترقی اور اسے عملی زندگی میں نافذ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اے آئی کی بروقت مدد مریض کو موت کے منہ سے کھینچ واپس لائی

ٹائم میگزین کے ایڈیٹر ان چیف سام جیکبز نے قارئین کے نام خط میں لکھا ہے کہ ’’پرسن آف دی ایئر‘‘کا انتخاب دنیا کی توجہ ان افراد کی جانب مرکوز کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے جو ہماری زندگیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

ان کے مطابق اس سال کسی کا اثر AI کے معماروں سے زیادہ نہیں تھا۔ جیکبز نے مزید کہا کہ 2025 وہ سال تھا جب ہر شعبے میں، چاہے وہ تعلیم، صحت، کاروبار یا تفریح ہو، AI کے اثرات واضح طور پر دیکھے گئے اور ہر اہم سوال کا جواب AI سے جڑا ہوا محسوس ہوا ۔

یہ انتخاب اس بات کی علامت بھی ہے کہ AI اب صرف ٹیکنالوجی کا حصہ نہیں رہا بلکہ ہماری روزمرہ زندگیوں، کام کے طریقوں اور معاشرتی ڈھانچوں میں بھی گہرائی سے رچ بس چکا ہے ۔

ٹائم میگزین نے اس اعزاز کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ AI کے اثرات اب صرف مستقبل کی بات نہیں بلکہ موجودہ دور کا حصہ بھی ہیں ۔

Scroll to Top