مظفرآباد :آزادکشمیر میں فروخت ہونیوالا 6کمپنیوں کا کوکنگ گھی غیر معیاری نکلا جس پر کمپنیوں پر ایک لاکھ فی کس جرمانہ کیساتھ فروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹلی سے متعدد آئل اینڈ گھی کے سیمپل حاصل کر کے لیبارٹری تجزیہ ارسال کیے گئے تھے جس کی موصولہ تجزیاتی رپورٹس کی روشنی میں مختلف کمپنیز کی 06 پروڈکٹس سیفٹی اور کوالٹی پیرا میٹر پر فیل قرار پائیں ۔
یہ بھی پڑھیں: گھی سمیت گزشتہ ایک ہفتے میں 15 اشیاء مزید مہنگی ہوئیں، ادارہ شماریات
لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں عابد بناسپتی، صفراہ بناسپتی ، کسان سن فلاور ، ذائقہ آئل، مہرین بناسپتی اور الحمزہ بناسپتی کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
تجزیاتی رپورٹس کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017ء کے تحت متذکرہ کمپنیز پر مبلغ ایک لاکھ روپے (فی کمپنی) جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان پراڈکٹس کے فیل ہونے والےبیچز کی اندرون آزاد کشمیر فروختگی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
سیکرٹری فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی نے جملہ فوڈ سیفٹی آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر متذکرہ آئل اینڈ گھی کی ضبطگی عمل میں لائی جا کر رپوٹ ارسال کریں ۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن،غیرمعیاری گھی وآئل کی کھیپ ضبط کر لی
انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور بلا تفریق و بلا تخصیص کا روائیاں جاری رکھی جائیں گی تا کہ عوام الناس کیلئے محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آزادکشمیر کئی پراڈکٹس کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے جن میں پاپڑوسلانٹی شامل تھیں لیکن کمپنیز نئے ناموں سے عوام کو غیر معیاری اشیاء سپلائی کرتی ہیں۔




