لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ کے دیوان عام میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد،افتتاحی تقریب میں قومی و انٹرنیشنل کرکٹرز اور آئی سی سی کے سی ای او نے بھی شرکت کی۔
پی سی بی چیئرمین کے ایڈوائزر عامر میر اور وہاب ریاض کے علاوہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔سرفراز احمد ، جنید خان ، حسن علی ، اظہر علی،محمد عامر ،وہاب ریاض ، شاداب خان اور عماد وسیم اور حارث سہیل بھی شاہی قلعہ پہنچے جبکہ سابق جنوبی افریقن بیٹر جے پی ڈومنی اور کیوی فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی بھی شاہی قلعہ تقریب میں شریک ہوئے۔آئی سی سی چیف ایگزیکٹو جیف ایلڈائس بھی تقریب میں شریک ہوئے جن کا آمد پر پی سی بی چیئرمین نے استقبال کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ہونا تاریخی موقع ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے مکمل کیا،انہوں نے کہا کہ ہماری ایک نسل اس طرح طرح کے ایونٹ سے محروم رہی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے پاس اپنا جنون دکھانے کا بہترین موقع ہے ،چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایونٹ کا ہونا تاریخی لمحہ ہے ۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلڈائس نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شائقین کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔
جیف ایلڈائس نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو جدید صورت میں دیکھ کر خوشی ہوئی، قذافی اسٹیڈیم کی 117 روز میں تکمیل بڑا کارنامہ ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہوگا ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان میں کرکٹ کے دیوانے اس دوران میچز سے لطف اندوز ہوں گے۔واضح رہے کہ یہ ایونٹ پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہےجس کے زریعے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور شائقین کے جوش و خروش کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔کراچی میں بھی 19 فروری کو ایک اور افتتاحی تقریب متوقع ہے ۔