ٹرانسفارمر مرمت پر چندہ؟ محکمہ برقیات کوٹلی کی سخت ہدایات جاری

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ برقیات کی جانب سے ایک اہم اور باضابطہ سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں مرمتی ٹرانسفارمر کے لیے عوام سے چندہ جمع کرنے کی روش پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

دفتر مہتمم برقیات، اوپریشن ڈویژن کوٹلی کی طرف سے جاری اس سرکلرمیں واضح کیا گیا ہے کہ مختلف سب ڈویژنوں میں صارفین سے مرمتی ٹرانسفارمر کے سلسلے میں LT کوائل یا پیپر خریدنے کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جو کہ سرکاری طریقہ کار کے خلاف ہے۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہر سب ڈویژن کو مرمتی ٹرانسفارمرز کے لیے باقاعدہ بجٹ اور فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، جن کی مدد سے درکار LT کوائل، پیپر یا دیگر سامان خریدا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کسی قسم کا چندہ یا مالی معاونت عوام سے لینا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ محکمہ جاتی بدانتظامی کے زمرے میں بھی آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے خوشخبری،ماہانہ رقوم کا حصول اب گھر بیٹھے ہی ہوسکے گا

مہتمم برقیات نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی صورت میں صارفین سے چندہ حاصل نہ کیا جائے۔ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس ہدایت کے باوجود کسی بھی مقام پر چندہ اکٹھا کرنے کا عمل پایا گیا تو متعلقہ نائب مہتمم کو اس کے تمام منفی نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ دی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ محکمہ برقیات کی ساکھ برقرار رہے اور عوامی شکایات کا خاتمہ ہو۔ سرکلر کی نقول نائب مہتمم صاحبان برقیات سب ڈویژن HIQکو برائے اطلاع ارسال کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی سب ڈویژنوں کے تمام فیلڈ اسٹاف کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احکامات پر فوری عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا ’’گولڈ کارڈ‘‘ اجراء، سرمایہ کاروں کیلئے نیا ریزیڈنسی پروگرام

محکمہ برقیات اوپریشن ڈویژن کوٹلی کی یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر کی خرابی کے بعد صارفین سے چندہ جمع کرنے کی اطلاعات پر عوامی تنقید سامنے آئی۔

Scroll to Top