پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے مطابق متحدہ عرب امارات نے مسلسل ساتویں سال دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔
عالمی درجہ بندی جاری کرنے والی کمپنی Arton Capital کے مطابق بیشتر بڑے ممالک کے پاسپورٹس کی پوزیشن میں کمی دیکھی گئی، مگر یو اے ای نے اپنی سبقت کو مزید مضبوط کیا۔
متحدہ عرب امارات کی برتری:
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے عالمی سفری سہولتیں، سرمایہ کار دوست پالیسیاں اور سفارتی استحکام کی بنیاد پر سب سے زیادہ ممالک میں شہریوں کی رسائی برقرار رکھی۔ Arton Capital کے سی ای او آرمند آرٹن نے کہا کہ “دنیا زیادہ محتاط ہو رہی ہے اور تیزی سے کھلنے والا دور ختم ہو چکا ہے، لیکن یو اے ای اپنی سبقت برقرار رکھے ہوئے ہے اور ایشیائی پاسپورٹس تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔”
ایشیا کی زبردست ترقی:
2025 میں ایشیا کے ممالک نے اہم پیش رفت دکھائی۔ سنگاپور نے 30 ویں پوزیشن سے دوسری پوزیشن حاصل کی اور اسکور 175 تک پہنچ گیا۔ ملائیشیا 41 ویں سے 17 ویں نمبر پر آ گیا اور اس کا اسکور 174 رہا۔ جاپان اور جنوبی کوریا معمولی کمی کے باوجود سرفہرست ممالک میں شامل رہے۔ ماہرین کے مطابق ایشیائی ممالک کی اقتصادی قوت، سفارتی تعلقات اور جدید سفری سہولتیں ان کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوئیں۔
یورپ کی پوزیشن میں کمی:
ٹاپ 20 ممالک میں یورپی پاسپورٹس کی اکثریت موجود ہے، جن میں اسپین، فرانس، جرمنی، اٹلی اور بیلجیم شامل ہیں۔ تاہم، ان کے اسکور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی۔ سخت ویزہ پالیسیوں اور نئے داخلے کے قواعد نے یورپی شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن پاسپورٹ کیلئے اپلائی کرنیوالے شہریوں کی بڑی مشکل حل
برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کا زوال:
انگلش بولنے والے بڑے ممالک کی کارکردگی سب سے کمزور رہی۔ برطانیہ 32 سے 39 ویں نمبر پر آ گیا، امریکا 41 ویں اور کینیڈا 40 ویں نمبر پر چلے گئے۔ متعدد ممالک نے ان کے شہریوں کے لیے ویزہ فری رسائی ختم کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دولت مند افراد اب متبادل شہریت یا ریزیڈنسی کے ذریعے عالمی نقل و حرکت برقرار رکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شہریوں کے لیے آن لائن پاسپورٹ بنانے کا نہایت آسان طریقہ متعارف کروا دیا گیا
ڈیجیٹل ٹریول اتھارائزیشن کا نیا دور:
2025 میں الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) کے شعبے میں تیز ترین ترقی دیکھی گئی۔ اسرائیل، برطانیہ، ترکمانستان، مالدیپ اور سوئٹزرلینڈ نے ETA سسٹم متعارف کرایا۔ کینیڈا نے قطری شہریوں کے لیے ویزہ ختم کر کے انہیں ETA تک رسائی دی، جو اس سہولت والا دوسرا خلیجی ملک بن گیا۔ 2026 میں مزید 25 سے زائد ممالک ETA سسٹم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یورپی یونین کا ETIAS پروگرام بھی جلد نافذ ہوگا، جو دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل سفری اجازت نامہ سسٹم ہوگا۔




