پاکستان اور ترکیہ نے دفاع اور مواصلات میں جوائنٹ وینچر پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے دفاع، مواصلات، ائیرو اسپیس، فوڈ اور آٹو موبائل کے شعبوں میں جوائنٹ وینچر پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ترکیہ کے برصا چیمبر کے 15 رکنی وفد کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ترک وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوئے ہیں اور دونوں ممالک دفاع اور مواصلات کے شعبوں میں اسٹریٹجک پارٹنر بھی ہیں۔

ملاقات میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر کبھی ضرورت پڑی تو ہر پاکستانی اپنے ترک بھائی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوگا۔ شرکاء نے بتایا کہ ترکیہ میں بھی “جیوے جیوے پاکستان” کا نغمہ جذبے سے گایا جاتا ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط رشتے کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی خفیہ زیرِ زمین ایٹمی اور میزائل تنصیب کی سیٹلائٹ تصاویر وائرل

اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے ٹریک کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور وفاقی وزیر نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ائیروسپیس، فوڈ، آٹو موبائل اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ کا پاکستان میں جنگی ڈرونز کی فیکٹری بنانے کا فیصلہ

عبدالعلیم خان نے گزشتہ ڈیڑھ برس میں ترکیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو حوصلہ افزا قرار دیا اور ترک کمپنیوں کی جانب سے یورپ کی طرز پر پاکستان میں جوائنٹ وینچر میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ ترک وفد نے وفاقی وزیر کو برصا کے دورے کی باضابطہ دعوت دی جبکہ ملاقات میں بزنس ٹو گورنمنٹ تعاون کو مزید وسعت دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

Scroll to Top