میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں یورپ میں آزادی اظہار پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر جرمن چانسلر اولاف شولز نے ردعمل دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ جرمنی اور یورپ کو کسی بیرونی ہدایت کی ضرورت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں امریکی نائب صدرجے ڈی وینس کے بیان “یورپ میں آزادی اظہار رائے خطرے میں ہے” پر جرمن چانسلر اولاف شولز کا شدید ردعمل سامنے آ گیا۔جرمن چانسلر نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی ملک خاص طور پر اتحادیوں کو ایک دوسرے کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ انہیں کیا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی اظہار سے متعلق امریکی موقف کو مسترد کرتے ہیں اور ایسے بیانات غیر ضروری مداخلت کے مترادف ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعہ کے روزمیونخ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ یورپی حکومتیں آزادی اظہار پر قدغن لگا رہی ہیں، برطانیہ میں یہ حق محدود ہو رہا ہے اور یورپ کو سب سے بڑا خطرہ چین یا روس سے نہیں بلکہ داخلی پالیسیوں سے ہے۔ ان کے اس بیان پر یورپی قیادت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔