کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں ایتھلیٹس کے درمیان میڈلز کے حصول کی کشمکش جاری ہے ، پاک آرمی میڈلز کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔
35 ویں نیشنل گیمز کے سلسلے میں کراچی کے مختلف وینیوز پر مقابلے جاری ہیں جن میں مختلف ڈپارٹمنٹس اور صوبوں کے ایتھلیٹس میں میڈلز کے حصول کے درمیان جنگ تیز ہوچکی ہے ۔
35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی گولڈ میڈلز کی نصف سنچری کے قریب پہنچ گئی۔ پاکستاں آرمی کے مجموعی گولڈ میڈل کی تعداد 46 ہوگئی۔ آرمی کے ایتھلیٹس نے 15 سلور اور 11 برانز میڈل بھی حاصل کیے ہیں۔
واپڈا نے اب تک 14 گولڈ ، 8 سلور اور 11 برانز میڈل حاصل کیے جبکہ نیوی نے 7 جبکہ پاکستان ائیر فورس نے 4 گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔
فینسنگ میں ہنزہ کی عظمیٰ سلطان نے ایچ ای سی کیلئے ایک اور گولڈ میڈل جیتا ۔ فائنل میں عظمیٰ نے بلوچستان کی بریرا کو 14-15 سے شکست دی
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز 2025: پہلا گولڈ میڈل لیفٹیننٹ مصباح نے جیت لیا
مینز فینسنگ میں ایچ ای سی کے عبدالمصور نے ایونٹ کا دوسرا گولڈ میڈل جیتا، انفرادی ایپے کے بعد عبدالمصور نے انفرادی فوئل میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا ۔
شوٹنگ ایونٹ میں آرمی کے گولڈ میڈلز کی تعداد 10ہو گئی ہے جبکہ پاکستان نیوی نے شوٹنگ میں 6 گولڈ حاصل کیے ۔
پاکستان ائیر فورس 2 سلور اور 3 برانز میڈل کے ساتھ شوٹنگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔
10میٹرز ائر رائفل ویمنز میں آرمی کی مہر خالق نے گولڈ،نیوی کی عنبر دلاور نے سلور اور نیوی ہی کی سارہ سلیم نے برانز میڈل جیتا۔
ٹیم ایونٹ میں آرمی نے گولڈ، نیوی نے سلور اور ایچ ای سی نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ 50 میٹرز پسٹل مینز میں پاکستان نیوی کے شاہ رخ خان نے547کے اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔
50 میٹر پستل ،ٹیم ایونٹ میں آرمی نے گولڈ، نیوی نے سلور اور پاکستان ائیر فورس نے برانز میڈل جیتا۔
دوسری جانب آرمی نے رگبی مینز ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ فائنل میں اس نے فائنل میں واپڈا کو شکست دی۔
خواتین ایونٹ کا گولڈ میڈل واپڈا کے نام رہا، واپڈا نے فائنل میں پنجاب کو زیر کیا۔
تائیکوانڈو ایونٹ میں آرمی کی بالادستی برقرار ہے، اس نے اب تک تمام 22 کیٹیگری کے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے ہیں ۔ کراٹے میں بھی آرمی کے ایتھلیٹس چھائے ہیں جہاں اس نے 5 گولڈ اپنے نام کیے ہیں۔
جمناسٹک کے مینز ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔والی بال ایونٹ میں پاکستان آرمی اور واپڈا نے مزید میچز جیت لیے جبکہ مینز میں پاکستان نیوی کی ٹیم فتح یاب رہی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کا 210 رکنی دستہ نیشنل گیمز میں شرکت کے لیے کراچی روانہ
فٹبال میں پاکستان آرمی، نیوی اور پاکستان ائیر فورس کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، ہینڈ بال مقابلوں میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی نے اپنے میچز جیت لئے .
نیشنل گیمز اسکواش مقابلوں کی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔
مینز ٹیم ایونٹ میں آرمی اور واپڈا فائنل میں پہنچ گئے ۔ ویمنز ایونٹ میں آرمی اور کے پی نے فآئنل میں جگہ بنائی ۔
خواتین کے سیمی فائنلز میں آرمی نے بلوچستان اور کے پی نے پنجاب کو شکست دی ۔ مینز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں آرمی نے ائرفورس اور واپڈا نے پنجاب کو شکست دی ۔
ایتھلیٹکس ایونٹ میں منگل کو بھی مزید 12 گولڈ میڈلز کے فیصلے ہوں گے۔




