اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نےمظفرآباد آزادکشمیر میں پی ایس ایل کے کچھ میچز کرانے کا اعلان کردیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئر مین پی سی بی محسن نقوی کے اعلان نے جہاں کرکٹ مداحوں میں جوش و خروش پیداکردیا وہیں بھارت میں اس فیصلے نے کھلبلی مچا دی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سالانہ امتحانی فیس میں اضافہ، تعلیمی بورڈ کا شیڈول جاری
ذرائع کے مطابق مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ہی ایک فائیو اسٹار ہوٹل بھی موجود ہے، جس کے باعث انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی رہائش سے متعلق کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں ہوں گی۔
ان سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے مظفرآباد میں میچز کروانے کا فیصلہ حتمی شکل اختیار کرتا نظر آ رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اعلان کے فوراً بعد مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی گودی میڈیا نے اس اعلان کے بعد چیخنا چلانا شروع کر دیا اور پاکستان کے اس بڑے اقدام کو اپنے لئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کی طرف سے اس فیصلے پر غیر ضروری پروپیگنڈہ بھی کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں شائقین اس اقدام کو کرکٹ کے فروغ اور کشمیر کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے کا بہترین موقع قرار دے رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو کا پاکستان میں پرتپاک استقبال
آزاد کشمیر اپنی دلفریب وادیوں، حسین مناظر اور قدرتی حسن کی بدولت عالمی سطح پر منفرد شناخت رکھتا ہے۔
پی ایس ایل میچز مظفرآباد میں منعقد کروائے جانے سے نہ صرف پاکستان میں کرکٹ کے دائرہ کار وسیع ہوگا بلکہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی کشمیر کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
کرکٹ شائقین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی اسپورٹس ٹورزم انڈسٹری کے لیے بھی اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔پی سی بی کے اس فیصلے سے پاکستان کی کرکٹ انڈسٹری میں نئی روح بھی جنم لے گی
دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان نہ صرف بڑی اسپورٹس سرگرمیوں کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے میں امن اور خوبصورتی کا گہوارہ بھی ہے۔




