پونچھ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور نے عباسپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے اعتماد کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے عوامی مسائل کے حل میں تیزی دکھائی ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کے حقوق کے تحفظ میں سنجیدہ ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک بڑی کامیابی ہے اور وہ عوامی نوعیت کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ صحت کارڈ جیسے بنیادی مسائل کو دوسری کابینہ میٹنگ میں حل کیا گیا اور بینک آف اے جے کے کو شیڈول بینک بنانے کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بجلی بقایاجات اور دیگر بنیادی مسائل کو جلد حل کیا ہے، اور پاکستان کی کشمیر سے محبت کے پیش نظر عوام کو تین روپے بجلی اور سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ فیصل راٹھور نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی نہیں لڑ سکتا۔ انہوں نے عوام کی دہلیز تک انصاف کی فراہمی اور سیز فائر لائن کے عوام کے لیے فرسٹ ایڈ پوسٹیں بنانے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے مٹی پوسٹ سڑک، کھلی درمن و دوسہ موڑ آٹا ڈپو، عباسپور میں ٹاؤن کمیٹی اور میونسپل کمیٹی، تینوں یونین کونسلز میں بی ایچ یو، منڈھول میں ٹاؤن کمیٹی اور سہڑہ چوکی میں پولیس تھانہ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ عباسپور تحصیل ہسپتال کی ضروریات پوری کرنے اور پریس کلب کو پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کاعباسپور پہنچنے پر پُر تپاک استقبال
انہوں نے عباسپور میں 1965 اور 1971 کے مہاجرین کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ اقدامات علاقے میں سماجی انصاف کو مضبوط کریں گے ۔ وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دفاعی استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی پاکستان سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی اور جلسہ میں شرکاء نے ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
فیصل راٹھور نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کی ہے، ذمہ داری اور کریڈٹ عوام کو دینا ہوگا۔ انہوں نے صدر جماعت چوہدری یاسین اور سینئر پارلیمنٹیرین چوہدری لطیف اکبر کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ عباسپور کی نشست پیپلز پارٹی کے حق میں جیتیں۔
وزیراعظم نے عباسپور کے ساتھ اپنے خاندانی تعلق کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کے والد ممتاز حسین راٹھور کو علاقے میں سب سے زیادہ محبت ملی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کے اقدامات کے مثالی نتائج جلد عوام کو نظر آئیں گے۔




