بی آئی ایس پی سے وابستہ مستحق گھرانوں کے لیے بااختیار مستقبل کی راہ ہموار ہو گئی ہے، کیونکہ بینظیر ہنرمند پروگرام نے مفت فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے شمولیت کی جامع شرائط جاری کر دی ہیں۔
حکومت پاکستان نے پروگرام میں شمولیت کا طریقہ کار اور قواعد واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد غریب اور مستحق گھرانوں کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ نے کام شروع کردیا
حکومتی اعلامیے کے مطابق بی آئی ایس پی کے مستحق گھرانے یا ان کے اہلِ خانہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے بغیر کسی فیس کے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔
اس تربیت کے ساتھ ساتھ امیدواروں کو ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس، سرٹیفکیٹ اور مختلف روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔
یہ اقدام ان افراد کے لیے ایک مؤثر راستہ ثابت ہو سکتا ہے جو اپنی آمدنی بڑھانا اور نئے ہنر سیکھ کر اپنے خاندان کی کفالت بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
پروگرام میں شامل کورسز کی فہرست کافی متنوع ہے جس میں آئی ٹی، ہیلتھ، ہوٹل مینجمنٹ، کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اور ٹیکسٹائل سمیت کئی شعبوں کے کورسز شامل ہیں۔
ان کورسز کا دورانیہ تین سے چھ ماہ تک رکھا گیا ہے تاکہ امیدوار مختصر مدت میں قابلِ استعمال مہارتیں سیکھ کر عملی میدان میں قدم رکھ سکیں۔
جاری کردہ شرائط کے مطابق صرف وہ افراد پروگرام میں اہل ہوں گے جو بی آئی ایس پی کی ڈائنامک رجسٹری میں مستحق کے طور پر درج ہوں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ امیدوار کی کم از کم تعلیم میٹرک اور عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ایک گھرانے سے صرف ایک فرد ہی پروگرام میں خود کو رجسٹر کرا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی فیز 2 کا آغاز،ہزاروں نئے خاندان شامل،رقم حاصل کرنے کا طریقہ کارجانیے؟
حکام کے مطابق رجسٹریشن پورٹل https://hunarmand.bisp.gov.pk درخواست جمع کرانے کے لیے مختص ہے، تاہم درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد ہی امیدواروں کی حتمی شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
امیدوار قریبی تحصیل دفتر میں اصل شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر کے ساتھ جاکر بھی اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکتے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد ملک کے پسماندہ اور نادار طبقوں کو بااختیار بنا کر انہیں معاشی طور پر مضبوط اور ہنر مند شہری بنانا ہے۔




