کولمبو :سری لنکا میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے ۔
ملکی حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک کم از کم 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد لوگ زخمی اور لاپتہ ہیں ۔
سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی گھر ملبے تلے دب گئے اور کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
شدید لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ملک کے اندر مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کا نظام شدید درہم برہم ہو گیا ہے ۔
وسطی سری لنکا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 21 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
حکام اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے اور فوری مدد فراہم کی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویتنام : سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، سڑکیں ،فصلیں تباہ
شدید بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی گھروں اور سڑکوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے عام شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
اہم سڑکیں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئی ہیں اور پانی کے ذخائر اور دریا خطرناک حد تک ابل پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد علاقے بیرونی دنیا سے منقطع ہو گئے ہیں ۔
حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ افراد کی حفاظت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث اس طرح کے شدید موسمی حالات آنے والے سالوں میں مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں ۔
اس لیے ضروری ہے کہ عوام اور حکومتی ادارے پیشگی اقدامات کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں ۔
شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں ۔




