مظفرآباد: محکمہ صحت آزاد کشمیر، ہیلپ ان نیڈ آرگنائزیشن اور یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے باہمی اشتراک سے ہیپاٹائٹس سی وائرس کے خاتمے کے لیے ایک اہم پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح مظفرآباد میں کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکومتی و طبی عہدیداران، ماہرینِ صحت، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری صحت عامہ آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، معروف ڈاکٹرز، ہیلپ ان نیڈ آرگنائزیشن کے سی ای او محمد حامد خان، حسیب اقبال پروگرام منیجر ہیلپ ان نیڈ عتیق الرحمان کوارڈینیٹرآزاد کشمیر، یونیورسٹی آف آزاد کشمیر سے ڈاکٹر عبدالرؤف اور چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی پروفیسر ڈاکٹر نذہت شفیع سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی یونیورسٹی کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان
مقررین اپنے خطاب میں کہا کہ ہیپاٹائٹس سی ایک خاموش قاتل بیماری ہے، جس کی بروقت تشخیص اور علاج نہ صرف مریض کی زندگی بچا سکتا ہے بلکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو میڈیا کے ذریعے عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
پراجیکٹ کے تحت تقریباً چھ ہزار افراد کی بلڈ اسکریننگ کی جائے گی، جن میں سے پازیٹو آنے والے مریضوں کو مفت علاج اور طبی مشاورت فراہم کی جائے گی۔
اس منصوبے کا مقصد صرف تشخیص اور علاج تک محدود نہیں بلکہ عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر، آگاہی مہمات، اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا بھی اس کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئیے آپ کو چائے پلائیں ، پاکستانی پائلٹس کی بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو پیشکش
ہیلپ ان نیڈ آرگنائزیشن کے سی ای او محمد حامد خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے جو نہ صرف خطے میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا بلکہ مستقبل میں دیگر علاقوں کے لیے بھی ایک ماڈل کے طور پر اپنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے تمام شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشترکہ اقدامات ہی حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اختتامی کلمات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ پراجیکٹ آزاد جموں و کشمیر میں ہیلتھ سسٹم کی بہتری، بیماریوں کے خاتمے اور عوامی فلاح کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ثابت ہو گا۔




