سردار یعقوب

فیصل ممتاز راٹھور پوری ریاست کے نمائندہ وزیر اعظم ہیں : سردار یعقوب

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نہ صرف حویلی اور پونچھ کے قائد ہیں بلکہ پوری ریاست کے متفقہ، نمائندہ اور عوامی وزیر اعظم ہیں ۔

نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل سخاوت سدوزئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار یعقوب خان نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور ایک نوجوان ، باصلاحیت، محنتی اور وژن رکھنے والے رہنماء ہیں جو نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پوری ریاست آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پُرعزم ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کو ترجیح دی ہے اور موجودہ حکومت بھی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل میں عملی اقدامات کر ے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کا عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے لیےجاندار مؤقف تھا، ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، سردار یعقوب

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا مقصد سیاسی انتقام یا ذاتی مفادات نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود اور گورننس میں بہتری لانا ہے ۔

سردار یعقوب خان نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے اور پارٹی نے بھی ہر دور میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ ، عوامی مشکلات کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد میں مثبت کردار ادا کریں ۔

سردار یعقوب خان نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں آزاد کشمیر ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوگا اور ریاست کے عوام کو وہ ریلیف ملے گا جس کے وہ برسوں سے منتظر ہیں ۔

Scroll to Top