ہٹیاں بالا : غیر معیاری پیٹرول کی فروخت دھڑلے سے جاری،گاڑیوں  کے انجن خراب ہونے لگے

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل)ضلع جہلم ویلی ہٹیاں بالا میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ پیٹرول کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے ۔ گاڑیوں کے انجن خراب ہونے لگے۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صنعت و حرفت شعبہ’’ آتش گیر مادہ‘‘ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ۔

ضلع بھرمیں شاہراہ سرینگر پر ہٹیاں بالا کی حدود میں بعض پٹرول پمپوں پر انتہائی ناقص اور ملاوٹ شدہ ایندھن فروخت کیا جا رہا ہے جس کے باعث گاڑیوں کے انجن میں خرابی، فیول فلٹر کی بندش اور مائلیج میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

شہری بھاری قیمت ادا کر کے بھی خالص پیٹرول سے محروم ہیں جبکہ غیر معیاری ایندھن کے استعمال سے نہ صرف ان کے مالی نقصان میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ سفر کے دوران انہیں شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

متعدد بار شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کوئی خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق بعض بااثر افراد کی پشت پناہی کی وجہ سے ملاوٹ مافیا کیخلاف سخت اقدامات نہیں کئے جا رہے جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

شہریوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ انہیں معیاری اور خالص پیٹرول میسر آ سکے اور ان کے قیمتی اثاثے مزید نقصان سے بچ سکیں۔

Scroll to Top