لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کے معروف بیٹر بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار سینچری داغ کر ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سابق اوپنر سعید انور کے سب سے زیادہ پاکستانی ون ڈے سینچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا۔سعید انور نے اپنے کیرئیر میں 244 اننگز میں 20 ون ڈے سینچریاں بنائی تھیں۔
جبکہ بابر اعظم نے یہ کارنامہ صرف 136 اننگز میں سرانجام دیا۔ یوں وہ کم ترین اننگز میں 20 سینچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے تیز ترین بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ 108 اننگز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 133 اننگز میں 20 سینچریاں مکمل کی تھیں۔
بابر اعظم نے یہ انٹرنیشنل سینچری ایسے وقت میں بنائی جب انہیں آخری سینچری اسکور کیے ہوئے 2 سال سے زیادہ وقت گزر چکا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
گزشتہ 2 برسوں بعد بنائی گئی اس سینچری نے نہ صرف بابر اعظم کی فارم کی واپسی کا اعلان کیا بلکہ پاکستان کی ون ڈے تاریخ میں ان کا نام ایک مرتبہ پھر نمایاں کردیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
سابق کپتان بابر اعظم نے آج کے میچ میں 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا، اور 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔




