پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 8 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 43 ہزار 62 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں تیزی کے اثرات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 7 ہزار 116 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 79 ہزار 854 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیڈٹ کالج وانا حملے کے دہشتگرد افغان شہری نکلے، تفصیلات سامنےآگئیں
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے بھاؤ میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 83 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 207 ڈالر تک جا پہنچا۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی معاشی غیر یقینی، افراط زر اور جیو پولیٹیکل کشیدگی کے باعث سرمایہ کار دوبارہ سونے کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام نہ ہونے اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے ریٹس مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں مزید رد و بدل متوقع ہے، کیونکہ عالمی رجحان میں تیزی برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار گرفتار
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم آج کے اضافے کے بعد مارکیٹ نے پھر سے مضبوط رجحان اختیار کر لیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں تیزی جاری رہی تو مقامی سطح پر سونا مزید مہنگا ہوسکتا ہے۔




