اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): نئی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ انسان جو کچھ کھاتا ہے، وہ نہ صرف اس کی صحت بلکہ جسمانی خوشبو پر بھی نمایاں اثر ڈالتا ہے۔ بعض غذائیں ایسی ہیں جو قدرتی جسمانی خوشبو کو دوسروں کے لیے زیادہ خوشگوار اور دلکش بنا سکتی ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہر انسان کی اپنی منفرد خوشبو ہوتی ہے جو جینز، ہارمونز، موڈ، صحت اور صفائی کے اثرات سے بنتی ہے، مگر سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہماری خوراک وہ واحد عنصر ہے جس پر مکمل کنٹرول ہمارا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی میں نیا باب رقم، خلائی تعاون میں تاریخی پیشرفت
اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی آف اسٹرلنگ کے پروفیسر کریگ رابرٹس کے مطابق، خوراک ہمارے نظامِ ہضم اور جلد کے ذریعے خوشبو پر اثر انداز ہوتی ہے، جبکہ سانس اور پسینہ جسم کی خوشبو کے دو اہم ذرائع ہیں۔
اسی طرح اسٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک کی پروفیسر لینا بیگڈاش کا کہنا ہے کہ کچھ غذائیں آنتوں کے بیکٹیریا کے ساتھ مل کر گیس پیدا کرتی ہیں جو سانس کے ذریعے خارج ہوتی ہے، جیسے لہسن اور پیاز جو سانس کو بدبودار بنا دیتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ خالص پسینہ خود بدبو دار نہیں ہوتا، بلکہ جب وہ جلد کے بیکٹیریا کے ساتھ ملتا ہے تو بو پیدا ہوتی ہے۔ بروکلی، بند گوبھی اور شلجم جیسی سبزیوں میں موجود سلفر مرکبات بھی تیز بو پیدا کرتے ہیں۔
چیک ریپبلک کی چارلس یونیورسٹی کے سائنس دان یان ہیولچک کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جن مردوں نے زیادہ لہسن کھایا، ان کی خوشبو کو خواتین نے زیادہ پرکشش قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق لہسن میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کی مجموعی صحت بہتر بناتے ہیں، جس سے خوشبو بھی دلکش لگتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبہ کیلئے خوشخبری،چین نے بیچلرز، ایم ایس اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کردیا
آسٹریلیا میں 2017 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق جو مرد زیادہ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں، ان کی جسمانی خوشبو میٹھی اور دلکش ہوتی ہے۔ گاجر، ٹماٹر، پپیتا اور کدو میں موجود کیروٹینائڈز (Carotenoids) اس کے اہم عوامل ہیں۔
تحقیقات سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ متوازن غذا جس میں محدود مقدار میں گوشت اور انڈے شامل ہوں خوشبو کو بہتر بناتی ہے، جبکہ زیادہ کاربوہائیڈریٹ یا کیفین والی غذا اس پر منفی اثر ڈالتی ہے۔
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ روزہ رکھنے سے جسمانی خوشبو میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم طویل روزے سانس کی بو کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق خوراک اور جسمانی خوشبو کا گہرا تعلق ہے — پھل، سبزیاں اور لہسن خوشبو کو بہتر بناتے ہیں، جبکہ گوشت، کیفین اور الکحل اسے کم خوشگوار بنا سکتے ہیں۔




