شاہد آفریدی نے سیاست میں شمولیت سے متعلق اہم بیان دے دیا

( کشمیر ڈیجیٹل): قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سیاست میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے اور اس حوالے سے اپنا ذہن تبدیل کر چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تقریب کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طبقہ آپ سمیت ملک کے حقیقی ہیروز کے خلاف منفی مہم چلاتا ہے، حالانکہ آپ ہمیشہ اپنے ملک اور اس کے ہیروز کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

شاہد آفریدی نے جواب میں کہا کہ اگر مجھے ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ ہوتی تو میں کبھی کوئی بات نہ کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر لائکس یا ویوز حاصل کرنا ان کا مقصد نہیں، کیونکہ سوشل میڈیا ان کے روزگار کا ذریعہ نہیں ہے۔ سابق کپتان نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر اپنی اولاد کے لیے حرام کمائی نہیں لا سکتے، اسی وجہ سے وہ زیادہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: تین ماہ میں 50 کلو وزن کم کریں اور پورشے کار جیتیں

اس موقع پر انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ کچھ لوگ رجسٹرڈ جھوٹے بن چکے ہیں۔ ماضی میں یہ لوگ دعویٰ کرتے تھے کہ کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے، لیکن آج انہی لوگوں کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ ملک سے باہر جاچکے ہیں۔ آفریدی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “میں نے خود دیکھا کہ گدھے پر گدھا بیٹھا جارہا تھا”۔

سیاست میں داخلے کے حوالے سے سوال پر آفریدی نے کہا کہ میرے لیے دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے ہمیشہ دور رہوں۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ایک ہی پارٹی تھی جہاں انہیں جانا تھا، لیکن 2019 یا 2020 میں انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا اور فیصلہ کیا کہ یہ ان کے بس کی بات نہیں ہے اور وہ سیاست نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپکس 2028 میں کونسی کرکٹ ٹیموں کو شرکت متوقع ہے؟ فارمولا طے

اس بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ شاہد آفریدی نے سیاست میں آنے کے تمام امکان کو ختم کر دیا ہے اور اب وہ اپنی توجہ سماجی کام، ذاتی زندگی اور ملک کے لیے اپنی خدمات پر مرکوز رکھیں گے۔

Scroll to Top