تین ماہ میں 50 کلو وزن کم کریں اور پورشے کار جیتیں

بیجئنگ: چین کے صوبہ شینڈونگ کے شہر بنژو میں ایک حیران کن فٹنس چیلنج نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ مقامی جم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی شخص صرف تین ماہ میں 50 کلو وزن کم کرنے میں کامیاب ہوگا وہ انعام کے طور پر ایک شاندار پورشے پینامیرا سپورٹس کار کا مالک بن جائے گا۔

یہ منفرد چیلنج چینی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکا ہے۔ لوگ اس انعامی مقابلے کو ایک ساتھ “موٹیویشنل” اور “پاگل پن” قرار دے رہے ہیں۔ کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیلنج اگرچہ پرکشش ہے لیکن اتنا آسان ہرگز نہیں۔

جم کے کوچ وانگ کے مطابق یہ کوئی محض تشہیری حربہ نہیں بلکہ ایک حقیقی فٹنس مقابلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیلنج میں 30 شرکاء کی حد مقرر کی گئی ہے، اور اب تک 7 سے 8 افراد باقاعدہ رجسٹر ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کے فیچرز اور قیمت سامنے آگئی

چیلنج میں حصہ لینے کے خواہشمندوں کو 10,000 یوآن (تقریباً 4 لاکھ پاکستانی روپے) بطور رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہوگی۔ یہ رقم ان کی رہائش اور کھانے پینے کے اخراجات کو بھی کور کرے گی۔ تاہم جم انتظامیہ نے اب تک ورزش کے اوقات، خوراک کے منصوبے یا وزن ناپنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

کوچ وانگ نے مزید بتایا کہ انعام میں دی جانے والی کار 2020 ماڈل پورشے پینامیرا ہے، جو جم کے بانی کی ذاتی ملکیت ہے۔ چین میں اس ماڈل کی قیمت تقریباً 1.1 ملین یوآن یعنی 4 کروڑ 34 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ساگو دانہ میں صرف ایک چیز ملائیں : جسم کے تمام درد غائب

ماہرین صحت کے مطابق صرف تین ماہ میں 50 کلو وزن کم کرنا نہایت مشکل بلکہ بعض صورتوں میں خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم ان کے خیال میں ایسے غیر روایتی چیلنجز لوگوں کو اپنی صحت اور فٹنس کی طرف مائل کرنے کا ایک دلچسپ ذریعہ بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top