فیصل آباد :پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف لگاتار تیسری ون ڈے سیریز جیتی ہے جبکہ گرین شرٹس نے پہلی بار پروٹیز کو ہوم گراؤنڈ میں ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 37 ویں اوور میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ون ڈے انٹرنیشنل سیریز :شاہین شاہ آفریدی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر
جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 53 اور یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 رنز بنائے۔ پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4، شاہین آفریدی، سلمان آغا اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 144 رنز کا آسان ہدف 26 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے77 اور بابر اعظم نے 27 رنز بنائے۔ محمد رضوان 32 اور سلمان آغا پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 2 وکٹ سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے گرین شرٹس کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقی اوپنر بیٹر کوئنٹن ڈی کاک کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی تھی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے پاکستان کا 270 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 41 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
ٹاپ آرڈر بیٹر نے کوئنٹن ڈی کاک ٹونی ڈی زور زی کی شاندار 153 رنز کی شراکت نے پاکستان کو فتح سے محروم کیا۔



