میرپور / اسلام گڑھ:ڈائریکٹر جنرل ایس سی اومیجر جنرل عمر احمد شاہ ہلال امتیاز ملٹری نے تحصیل اسلام گڑھ میں راجہ نجیب گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اورگورنمنٹ غازی الٰہی بخش گرلز ڈگری کالج میں طلباء و طالبات کے لیے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن فری لانسنگ ہبز کاباقاعدہ افتتاح کردیا۔
اس موقع پر سیکٹر کمانڈر کرنل یوسف جاوید اور کمانڈنگ آفیسر ایس سی او ڈویژن میرپور لیفٹیننٹ کرنل عدیل ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اسلام گڑھ بوائز ڈگری کالج آمد پر وزیر اعظم آزادکشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل (ر) محمد معروف سمیت پرنسپل طارق محمود،اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ چوہدری نعیم اختر،چیئرمین میونسپل کمیٹی اسحاق مغل نے ان کا استقبال کیا۔
انہوں نے راجہ نجیب گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں ایس سی او کی طرف سے فری لانسنگ ہبز کا افتتاح کیا اوربریفنگ لی بعدازاں انھوں نے فری لانسنگ ہب کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹلی جیل میں قید بچوں کی اصلاح، تعلیم وتربیت کیلئے ایس سی او کااصلاحی سنٹر قائم
انہوں نے بعدازاں غازی الٰہی بخش گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میرپور میں بھی طالبات کیلئے قائم ایس سی او فری لانسنگ ہب کا افتتاح کیا اور طلبا و طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او نے ویژن 2025 کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 سے زائد سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور فری لانسنگ ہبز مکمل کیے ہیں جس کا مقصد دونوں خطوں کے نوجوانان اور پروفیشنلز کو با اختیار بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے مظفرآباد میں خواتین کا پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا اور معذ ور افراد کے لیے فری لانسنگ ہب کا قیام عمل میں لایا ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوٹلی جیل میں کم عمر افراد کے لیے ایک آئی ٹی لیب قائم کی گئی ہے جو بلا شبہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کسی بھی جیل میں پہلی آئی ٹی لیب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہSCO واحد ادارہ ہے جو کمرشل بنیادوں پر کام نہیں کرتا بلکہ جذبہ خدمت کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو ٹیلی مواصلات کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔
آزاد کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کے قیام سے طلبا وطالبات سمیت پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو آئی ٹی کے متعلق سکلز پروان چڑھے گی اور ان سینٹروں میں تربیت حاصل کرنے والے آئندہ چند سالوں میں نہ صرف اپنی کمپنیاں قائم کریں گے بلکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت سمیت ملک کے لیے زرمبادلہ کا حصہ بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ایس سی او ’وژن 2025‘: نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور
انہوں نے طلبا و طالبات سے کہاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سے متعلق اپنی سکلز میں مہارت حاصل کریں اور فری لانسنگ کے ذریعے اپنی کمائی کا ذریعہ بنائیں۔
انہوں نے محکمہ ایس سی او کے آفیسران انجینئرز اور سٹاف کو مبارکباد دی جبکہ ان آئی ٹی پارکس اور فری لانسنگ ہبز سے استفادہ کرنے والوں کی کارکردگی کو خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس سی او مستقبل میں بھی اپنی ماضی کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خدمت کا عمل پوری قوت سے جاری رکھے گا۔




